میں صرف نریندر مودی کی حمایت کرتا ہوں: راج ٹھاکرے

   

2014 میں بھی میں نے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے مودی کی کھل کر حمایت کی تھی، ممبئی میں ایک جلسہ سے خطاب

ممبئی: مجھے کسی سے کوئی توقعات نہیں ہے ،میری حمایت صرف نریندر مودی کے لیے ہے ۔اس طرح کا اظہار خیال مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے منگل کی شام دیر گئے ممبئی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممبئی میں گوڑی پاڑوا (مہاراشٹرا میں روایتی نیا سال جو کہ نئی شروعات اور نیکی کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے ) کے موقع پر اپنی پارٹی کی سالانہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے زور دے کر واضح کیا کہ انکی یہ حمایت صرف نریندر مودی کے لیے ہے ۔راج ٹھاکرے نے زور دے کر کہا، “مجھے کوئی توقعات نہیں ہیں۔ جب ملک میں ایک مضبوط قیادت کی ضرورت ہوگی، مہاراشٹر نو نرمان سینا بی جے پی، شیو سینا، این سی پی کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔ یہ صرف نریندر مودی کے لیے ہے ،راج ٹھاکرے نے زور دے کر کہا۔راج ٹھاکرے نے منگل کو ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی، شیوسینا( شیندے ) اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( اجیت پوار) کے ‘مہاوتی’ اتحاد کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حمایت کی، راج ٹھاکرے کے اس اعلان کے بعد مہاراشٹر میں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حسب اقتدار گروپ کو تقویت ملنے کی امید کی جا رہی ہے ۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی نوجوانوں کی مسائل پر توجہ دیں گے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کی ریاست کی عوام جو ٹیکس ادا کرتے ہیں اس کے مطابق مہاراشٹر کومرکزی آمدنی کا بڑا حصہ ملے گا ۔نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے فوری طور پر راج ٹھاکرے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ ایم این ایس لیڈر نے یہ نہیں بتایا کہ آیا ان کی پارٹی، جس نے اب تک کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے ، آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گی۔راج ٹھاکرے کی مودی کو حمایت گزشتہ ماہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے ۔ تب سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ حکمراں مہاوتی (عظیم اتحاد) میں شامل ہوں گے ۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار، جب بھی الیکشن لڑیں گے ، وہ صرف مہاراشٹر نو نرمان سینا کے نشان ’ریلوے انجن‘ سے کا استعمال کریں گے ۔ٹھاکرے ، جنہوں نے غیر منقسم شیو سینا سے علیحدگی اختیار کی اور 2006 میں مہاراشٹر نو نرمان سینا کی بنیاد رکھی، نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات کی تیاری شروع کریں جو اس سال اکتوبر میں ہونے والے ہیں۔راج ٹھاکرے نے 2014 میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مودی کی امیدواری کی کھل کر حمایت کی۔ لیکن اس کے بعد انھوں نے پٹری بدل دی تھی اور بی جے پی اور مودی کے تلخ ناقد بن گئے ، اپنی ریلیوں مین مودی کی طرف سے وعدوں کی ویڈیوز چلا کر وہ یہ بتاتے رہے کہ وہ کیسے پورے نہیں ہوئے ۔نیز اپنے کزن چچرے بھائی ادھو ٹھاکرے کی مخالفت کرنا، جو اس وقت غیر منقسم شیو سینا کے سربراہ تھے ، راج ٹھاکرے کی سیاست کا خاصہ رہا ہے ۔