میں نے ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیا: ساکشی ملک

   

نئی دہلی: ملک کے کسان اس وقت اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ دریں اثنا، بی جے پی ایم پی برج بھوشن سنگھ کیخلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے دوبارہ سڑکوں پر آنے کی دھمکی دی ہے۔ اس حوالے سے 14 فروری 2024 کو اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ساکشی کی پوسٹ یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن پر عائد پابندی ہٹانے کے چند گھنٹے بعد آئی ہے۔ساکشی ملک نے ویڈیو میں کہا کہ آپ سب ہماری تحریک کے بارے میں جانتے ہیں۔21 دسمبر کو برج بھوشن کی بیہودگی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سنجے سنگھ کو معطل کر دیا تھا۔ اس کے بعد وزارت کھیل اور آئی او اے نے ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی۔ ہم نے اس کا استقبال کیا۔ ایڈہاک کمیٹی نے بہت اچھا قومی انعقاد کیا اور ہم نے اس کا خیر مقدم بھی کیا۔کشتی کو الوداع کہہ چکی ساکشی نے مزید کہا کہ سنجے سنگھ اور برج بھوشن پھر سے حکومت اور قانون کی دھجیاں بکھیرنے لگے۔خواہ وہ ریفری کو دھمکانا ہو یا فیڈریشن کے پیسوں کا غلط استعمال ہو۔ وہ یہ ظاہر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے کہ وہ حکومت سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کل ہی (13 فروری) کو معلوم ہوا کہ سنجے سنگھ نے یو ڈبلیو ڈبلیو کے ساتھ سیٹ اپ کر کے خود کو بحال کرلیا ہے۔ ہم نے اپنی تحریک معطل کر دی ہے۔ میں نے کشتی کو خیرباد کہہ دیا ہے لیکن جب تک میں زندہ ہوں، میں برج بھوشن کو فیڈریشن چلاتے اور بہنوں اور بیٹیوں کا استحصال کرتے نہیں دیکھ سکتی۔ساکشی ملک نے مزید کہا کہ آنے والے دو چار دنوں میں ہم تحریک سے وابستہ تمام لوگوں کو اکٹھا کریں گے اور مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔ میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ برج بھوشن اور ان کے حواریوں کو فیڈریشن سے ہمیشہ کے لیے برخاست کر کے کسی اچھے انسان کو لایا جائے۔