میں کانگریس سے علحدہ ہوا ،مگر گاندھی جی کے نظریات کا ہنوز پابند

,

   

پونے : این سی پی کے سربراہ شردپوار نے کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی بنانے کیلئے کانگریس سے علحدگی کے بعد بھی مہاتما گاندھی ، پنڈت جواہر لال نہرو اور یشونت راؤ چوہان کے نظریات کو کبھی نہیں چھوڑا ۔ وہ پونے میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس نہیں ہے کہ انہوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بنانے کیلئے 1999 ء تک انتظار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں 1958 ء میں پونے آیا تھا ۔ میرے جیسے نوجوان گاندھی ، نہرو اور چوہان کے نظریات سے متاثر تھے ۔ ہم نے اس خیال کو اپنایا اور اس پر کام کیا ۔ کانگریس اس نظریے کی بنیاد تھی اور اس لیے اس سے دور ہونے کا کبھی نہیں سوچا ۔ کبھی کچھ الگ ہونے کا نہیں سوچا ۔ مجھے یہ فیصلہ (ٔنیشنلسٹ کانگریس پارٹی بنانے کا ) لینا پڑا ۔ کیونکہ کانگریس نے مجھے چھ سال کے لیے پارٹی سے نکال دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کچھ رائے رکھنے کی قیمت ادا کی جو ’’ہضم‘‘ نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کانگریس چھوڑکر این سی پی بنائی ۔ لیکن ہم نے گاندھی ، نہرو اور چوہان کے نظریات کو کبھی نہیں چھوڑا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا عام خیال ہے کہ کانگریس کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے پوار کی مدد کی ضرورت ہوگی ۔ تو اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام ہم خیال لوگ اکٹھے ہوں ۔