می سیوا آپریٹرس کیلئے ویلفیر بورڈ حکومت کے زیر غور

   

عنقریب نئی عوامی خدمات، انتخابی منشور کے ہر وعدہ پر عمل ہوگا:سریدھر بابو

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اعلان کیا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے ہر وعدہ پر عمل آوری میں حکومت سنجیدہ ہے اور عوام کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور مرحلہ وار طور پر تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی می سیوا آپریٹرس کی 14 ویں سالانہ تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ خوشحال ریاست کو مقروض بنادیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2011 میں پہلی مرتبہ می سیوا آن لائن خدمات کا آغاز کیا گیا تھا جس کے ذریعہ عوام کو منڈل یا ڈسٹرکٹ دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ می سیوا کے تحت عنقریب نئی خدمات متعارف کی جائیں گی۔ سریدھر بابو نے می سیوا آپریٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ سنجیدگی اور انسانی جذبہ کے تحت خدمات انجام دیں۔ انہوں نے می سیوا آپریٹرس کیلئے ویلفیر بورڈ کے قیام کی تجویز کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت جلد ہی اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4754 می سیوا سنٹرس کے اسٹاف کو مستقل روزگار کی ضمانت کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ تقاریب میں تلنگانہ ٹکنالوجی کارپوریشن کے صدرنشین ایم ستیش، می سیوا کمشنر روی کرن، آپریٹرس کے نمائندوں شنکر، عبدل محمد، بالراجو، شیکھر ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1