م2مارچ کو حیدرآباد میں ہند۔آسٹریلیا ونڈے

   

نئی دہلی۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اورآسٹریلیاکے درمیان 24 فروری سے 13 مارچ تک 2 ٹی 20 اور 5 ونڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی 24 فروری کو بنگلور کرے گا۔ 27 فروری کو وشاکاپٹنم میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی طے کیا گیا ہے۔ ونڈے میچز کا آغاز 2 مارچ کو حیدرآباد دکن سے ہوگا، 5 مارچ کو ناگپور میں دوسرا میچ مقرر ہے۔ تیسرے میچ کے لئے 8 مارچ کو رانچی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چوتھا ونڈے 10 مارچ کو موہالی میں رکھاگیا ہے۔ سیریز کا آخری میچ 13 مارچ کو نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم چار ٹسٹ میچز کی سیریز آسٹریلیائی سرزمین پر کامیابی کر پہلے ہی تاریخ رقم کرچکی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے مجوزہ کا اعلان ابھی تک نہیں ہوسکا لیکن دوسری طرف بی سی سی آئی نے آسٹریلیا کی میزبانی کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی نے 2 میچز کی پاکستان میں میزبانی کی خواہش کے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کی درخواست پر مجوزہ ترمیمی پروگرام کرکٹ آسٹریلیا کو بھجوا رکھا ہے جس کے تحت اب سیریز 29 مارچ سے 13 اپریل تک ہوسکتی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا ورلڈکپ سے پہلے ان آخری پانچ میچز میں بال ٹیمپرنگ میں پابندی کے شکار سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کھیلنا چاہتی ہے جن پر عائد پابندی 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں 2 میچز کھیلنے پر مثبت اشارے دے رکھے ہیں تاہم حتمی فیصلہ پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی میں ان کے سکیورٹی ٹیم کے دورے سے مشروط کیا گیا ہے۔