مجھے اردو اور انگریزی پر عبور حاصل، جشن اردو صحافت سے محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے نئی نسل کو اردو تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اردو زبان میں تعلیم کے حصول کے ذریعہ قرآن اور سنت کی تعلیمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریسن کے زیر اہتمام جشن اردو صحافت سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد سلیم نے کہا کہ قرآن مجید کو سمجھنے کے لئے اردو ترجمہ کا مطالعہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اردو تعلیم سے قریب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں مذہب تعلیمات سے آگاہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب اور امن و بھائی چارہ کا گہوارہ رہا ہے اور اس تہذیب کو مزید پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ جناب محمد سلیم نے اردو زبان کی ترقی و فروغ کے لئے جناب عابد علی خاں مرحوم ، جناب صلاح الدین اویسی مرحوم ، جناب وقار الدین مرحوم اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان شخصیتوں نے اردو زبان کو نئی نسل تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ انہوں نے جامعہ عثمانیہ اسکول سے تعلیم حاصل کی جہاں اردو بحیثیت مضمون شامل تھی ۔ میں اردو کا پنڈت ہوں ۔ اگر اردو زبان میں مقابلہ کرایا جائے تو مجھے پہلا انعام حاصل ہوگا۔ میں نے 10 سال کی عمر میں قرآن مجید مکمل کرلیا۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ انہیں انگریزی پر بھی عبور حاصل ہے ۔ بعض مخالفین انہیں ناخواندہ قرار دیتے ہیں لیکن وہ سپریم کورٹ کے وکلاء اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو انگریزی میں لکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے اردو صحافت کے 200 سال کی تکمیل کی آئندہ تقاریب میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ر