بھوپال/کھنڈوا، 12 اکتوبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں پہلی بار نئے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے التزامات کے تحت موت کی سزا سنائی گئی ہے ۔ سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج مسٹر انل چودھری، کھنڈوا کی عدالت نے جادو ٹونے کے شک میں کلہاڑی سے پڑوسی کا قتل کرنے والے ملزم چمپالال عرف نندو ولد جالم مہر (23) ساکن گاؤں چھنیرا، پندھانا تھانہ کو دفعہ 103(1) کے تحت پھانسی کی سزا سے سنائی ہے ۔استغاثہ کی طرف سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن آفیسر ونود کمار پٹیل نے پیروی کی، جب کہ تفتیش سب انسپکٹر رام پرکاش یادو، چوکی انچارج، بورگاؤں نے کی۔یہ واقعہ 12 دسمبر 2024 کی رات کو پیش آیا جب ملزم چمپلال نے جادو ٹونے کے شبہ میں اپنے پڑوسی رام ناتھ بلوٹیا کا کلہاڑی سے سر قلم کر دیا۔ متوفی کی بیوی شانتی بائی کی رپورٹ کی بنیاد پر پندھانا پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیش کے دوران متوفی کا سر اور دھڑ مختلف مقامات سے برآمد ہوئے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں ملزم کے کپڑوں اور برآمد شدہ کلہاڑی پر خون کے دھبے کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جسے عدالت نے حتمی ثبوت قرار دیا۔