نئے میڈیکل و نرسنگ کالجس کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ہدایت

   

کلکٹرس کے ساتھ وزیر صحت ہریش راؤ کی ویڈیو کانفرنس، 30 نومبر تک صد فیصد ٹیکہ اندازی پر زور

حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے حکومت کی جانب سے منظورہ میڈیکل و نرسنگ کالجس کے قیام کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ہریش راؤ نے میڈیکل و نرسنگ کالجس کے قیام کی تیاریاں اور کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیا۔ جن مقامات پر میڈیکل کالجس قائم کئے جارہے ہیں وہاں کے مقامی ہاسپٹلس میں بیڈس کی تعداد میں اضافہ کرنے، طلبہ کے قیام کیلئے ہاسٹلس کی عمارتیں تعمیر کرنے پر زور دیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کو صد فیصد ویکسنیشن اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ نشانہ کو عبور کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ تلنگانہ ڈائیگناسٹک سنٹرس کی خدمات عوام کو فراہم کرنے اور ساتھ ہی پرائمری ہیلت سنٹرس سے ضلع ہیڈ کوارٹرس کے ہاسپٹلس اور میڈیکل کالجس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا سے محفوظ رہنے ٹیکہ ہی واحد ہتھیار ہے۔ ریاست میں 18 سال مکمل کرنے والے 2.77 کروڑ افراد ہیں جن میں تاحال 3.43 لاکھ افراد کو ویکسین دیئے گئے ہیں۔ ریاست میں ویکسین کیلئے اہل قرار دیئے جانے والے 85 فیصد افراد کو ٹیکے دیئے گئے ہیں ماباقی لوگوں کو ٹیکہ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں ضرورت کے مطابق عملے کے تقررات کیلئے چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو اختیارات دیئے ہیں۔ ہاسپٹلس میں تمام طبی آلات کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا کلکٹرس کو مشورہ دیا۔ 30 نومبر تک صد فیصد ٹیکہ اندازی مہم کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ن