نئے کوچ کے انتخاب کیلئے کوہلی کی رائے نہیں لی جائے گی

   

ممبئی ۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش شروع ہوگئی ہے۔ بی سی سی آئی نے کوچ اور معاون عملہ کے تقررات کیکئے اشتہارات جاری کردئے ہیں۔ کون ہوگا ٹیم کا نیا کوچ اس پر قیاس آرائیوں کا دور شروع ہوگیا ہے لیکن اس مرتبہ نئے کوچ کی انتخابی کارروائی سے وراٹ کوہلی کو بے دخل کردیا گیا ہے۔ یعنی اس مرتبہ کوہلی کی پسند اور ناپسند کا خیال نہیں رکھاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اس مرتبہ نئے کوچ کے لئے کوہلی کی رائے نہیں لی جائیگی جبکہ گزشتہ مرتبہ یعنی کہ 2017 میں جب روی شاستری کو ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا تب کوہلی سے ان کی رائے مانگی گئی تھی۔ نئے کوچ پر آخری فیصلہ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو لے سکتے ہیں۔ اس کے بعد سی او اے کی جانب سے اس پر آخری مہر لگائی جائے گی۔یاد رہے کہ سال 2017 میں جب کوچ کے طور پر انل کمبلے کی معیاد نہیں بڑھائی گئی تھی تو اس وقت بھی کوہلی سے رائے لی گئی تھی۔ کوہلی کی خواہش پر ہی کمبلے کو کوچ کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ کوہلی نے ان کے ساتھ کام کرنے پر اعتراض ظاہر کیا تھا۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط ہر کہا کہ اس مرتبہ کپل دیو نئے کوچ پر کوہلی کی رائے نہیں لیں گے۔ اس مرتبہ ٹیم کے معاون عملہ کا انتخاب ٹیم کے سیلیکٹرس کریں گے نہ کہ نئے کوچ۔گزشتہ مرتبہ روی شاستری نے خود معاون عملہ کاانتخاب کیا تھا۔ بی سی سی آئی نے کوچ سمیت ٹیم کے دیگر معاون عملہ کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں جن عہدوں کیلئے درخواستیں مانگی گئی ہیں ان میں ہندستانی مرد کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فیزیوتھیریپسٹ، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ، انتظامی مینیجر شامل ہیں۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ درخواست دہندگان اپنی درخواستیں 30 جولائی 2019 کو شام 5 بجے سے پہلے بھیج سکتے ہیں۔
ورلڈکپ میں کئی یادگار واقعات