نائب صدارتی امیدوار کے دفتر پر دہشت گرد حملہ ، 20 ہلاک

,

   

کابل ۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں صدر اشرف غنی کے نائب کے طور پر انتخابات لڑنے والے امیدوار امراللہ صالح کے دفتر کے قریب اتوار کو کئے گئے دہشت گرد حملوں میں اب تک 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ حملہ میں دیگر 50 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو کئی گھنٹے تک ایک ایسی عمارت میں روکے رکھا گیا جہاں وہ چھپے ہوئے تھے اور بالآخر سیکوریٹی فورس نے انہیں ہلاک کردیا۔ مسٹر رحیمی کے مطابق حملہ آوروں کا اصل نشانہ نائب صدر کے امیدوار اور سابق انٹلیجنس سربراہ امراللہ صالح تھے تاہم انہیں عمارت سے بحفاظت باہر نکال کر دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ عمارت میں موجود دیگر 85 افراد کا بھی تخلیہ کروایا گیا۔ اب تک کسی بھی فرد یا تنظیم نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن طالبان اور دولت اسلامیہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں یہاں سرگرم ہیں اور ماضی میں بھی کئی حملے کرچکی ہیں لہٰذا ان میں سے کسی تنظیم کے ملوث ہونے کا اندیشہ ہے۔