نائب صدر جگدیپ دھنکر کی آج حیدرآباد آمد

   

حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر کل 26 اپریل کو ریاست کا دورہ کریں گے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ کی آمد کے موقع پر نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ بلو بک کی گائیڈ لائینس کے مطابق سیکوریٹی ، ٹرافک اور دیگر انتظامات کئے جائیں تاکہ صدر جمہوریہ کے دورہ کے موقع پر عوام کو دشواری نہ ہو۔ نائب صدر جمہوریہ کے دورہ کے مقامات پر محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل اسٹاف کو متعین کیا جائے گا ۔ پولیس اور پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ انتظامات کئے جائیں گے ۔ آر اینڈ بی کے عہدیداروں کو وزیراعظم کے دورہ کے راستہ کی تمام سڑکوں کی مرمت کا مشورہ دیا گیا۔ محکمہ برقی کو بلا وقفہ سربراہی جاری رکھنے اور فائر سرویسز ڈپارٹمنٹ کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی گئی ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل روی گپتا ، پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل ، سکریٹری برائے گورنر بی وینکٹیشم ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ناگی ریڈی ، سکریٹری ہیلت کرسٹینا چنگٹو ،کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس ، مینجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ 1