ناااہل ممبران اسمبلی کیلئے کانگریس کے دروازے بند:گنڈو راو

   

اوڈوپی۔26 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کانگریس نے کہا ہے کہ نااہل قرا ردیئے گئے پندرہ ممبران اسمبلی کیلئے پارٹی کے دروازے بند ہوچکے ہیں اور انہیں واپس لینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پارٹی کے ریاستی صدر دنیش گنڈو راو نے آج کہا کہ نااہل قرار دئے گئے ممبران اسمبلی میں سے چند نے مجھ سے بات کی اور پارٹی میں واپس لوٹنے کی خواہش ظاہر کی۔کانگریس نے انہیں واپس نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جن ممبران اسمبلی نے اتحادی حکومت کو دھوکہ دیا انہیں پارٹی میں واپسی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ گنڈو راو نے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یدیورپا نے ریاست کی سابقہ کانگریس جنتا دل سیکولر حکومت کے منصوبوں کو منسوخ کردیا ہے ۔ کانگریس او رجنتا دل سیکولر کے ممبران اسمبلی کے اسمبلی حلقوں کیلئے مقرکی گئی رقم میں کمی کردی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو تباہ کن سیلاب اور قدرتی آفت کی وجہ سے زبردست نقصان کو پورا کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی رقم خاطر خواہ نہیں ہے ۔