ناجائز تعلقات کے سبب قتل کی سنگین واردات

   

حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) ناجائز تعلقات کے سبب ایک شخص کے قتل کی سنگین واردات جواہر نگر پولیس حدود میں پیش آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 53 سالہ شخص بھوماداس کل ایک خاتون کے مکان میں مردہ پایا گیا ۔ انیتا نامی یہ خاتون جواہر نگر کے علاقہ دییندر نگر میں رہتی تھی ۔ داس اور انیتا ایک شراب خانے میں کام کرتے تھے جہاں ان کی دوستی ہوگئی تھی ۔ جو آہستہ آہستہ ناجائز تعلقات میں بدل گئی ۔ داس اس کی بیوی بچوں سے علحدہ ایک کرایہ کے مکان میں رہتا تھا اور انیتا سے دوستی کے بعد وہ ہر آئے دن انیتا کے گھر جایا کرتا تھا ۔ تاہم راجو نامی شخص بھی انیتا کے گھر اکثر آیا کرتا تھا ۔ ذرائع کے مطابق انیتا دونوں سے ناجائز تعلقات رکھتی تھی ۔ کل رات جب داس انیتا کے مکان پہونچا تو راجو یہاں پہلے سے موجود تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ راجو اور انیتا نے ملکر داس کا قتل کیا ہوگا ۔ پولیس جواہرنگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔