نارائن پیٹ میں بچہ مزدوری کے خلاف کارروائی

   

17 بچوں کو رہا کروالیا گیا، آپریشن مسکان ٹیم کے دھاوے، ایس پی کا بیان

نارائن پیٹ ۔ 11 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آپریشن مسکان IX ڈھاوں میں نارائن پیٹ ضلع کے مختلف مقامات سے 17 بچہ مزدوروں کو رہا کروایا گیا۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ این وینکٹیشورلو نے اخباری نمائندوں کو تفصیلات بتلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن مسکان ٹیم نے آج ضلع بھر میں چھاپے مارے اور 17 بچہ مزدوروں کو رہا کرالیا گیا۔ ان میں ایک لڑکی اور 16 لڑکے شامل ہیں۔ یہ لڑکے اور لڑکی مدور اور کوسگی منڈل سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ بچے، ہوٹلوں، فاسٹ فوڈ سنٹروں، کرانہ دکانوں، ویلڈنگ شاپس، گھروں کی تعمیر، چرواہوں اور اینٹوں کی بھٹیوں میں مزدوری کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچہ مزدوروں کو گرفتار کرکے CWE دفتر کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ ان بچوں کو بعد ازاں چائلڈ ویلفیر کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا اور بچوں کے والدین وسرپرستوں سے کونسلنگ بھی کی جائے گی اور جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیری مزدوری کروانے والوں کے خلاف قانون اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچپن بہت قیمتی ہوتا ہے۔ اس عمر میں بچوں کو صحیح تعلیم و تربیت کرنی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس وقت سرکاری اسکولوں میں انگریزی ذریعہ تعلیم کے ساتھ قیام و طعام مفت رکھا ہے۔ انہوں نے بچوں کے والدین بالخصوص غریب عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو ذاتی غرض و مفادات کے لئے ان کے مستقبل سے کھلواڑ نہ کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کہیں بھی بچوں کو مزدوری کرواتے دیکھیں تو ڈائل 100 پر اطلاع دیں۔