نارائن پیٹ میں پولیس کارڈن سرچ

   

نارائن پیٹ۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ٹاو ن کے محلہ پلہ بزرگ جنگلی گڈہ علاقہ میں آج پولیس کارڈن اینڈ سرچ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس کی نگرانی ضلع ایس پی محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا ( آئی پی ایس ) نے کی۔ اس موقع پر نارائن پیٹ ضلع ایس پی کی جانب سے گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ ڈاکٹر ایم چیتنا نے محلہ کے عوام بالخصوص خواتین کو متوجہ کیا کہ محلہ میں کسی بھی اجنبی کے گھومنے پھرنے اور نقل و حرکت پر فوری 100 نمبر پر پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے عورتوں کو چوکنا رہنے اور کسی بھی اجنبی آدمی و عورت کو گھروں میں داخل ہونے نہ دینے کا مشورہ دیا۔ اگر کچھ خرید و فروخت کرنا ہو تو پوری طرح متعلقہ شخص سے مطمئن ہوجائیں پھر معاملت کریں۔ اس کارڈن سرچ میں ایس آئی، سی آئی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔اس کارڈن اینڈ سرچ میں 40 پولیس ملازمین اہلکاروں نے حصہ لیا اور چار موٹر سیکلیں اور آٹو ضبط کئے گئے۔

برقی ٹرانسفارمر کی زد میں آکر
بکری ہلاک
نارائن پیٹ۔/30 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ برقی کی لاپرواہی سے نارائن پیٹ کے قدیم قبرستان کے احاطہ میں واقع برقی ٹرانسفارمر کی زد میں آکر ایک بکری ہلاک ہوگئی۔ یہ ٹرانسفارمر جس کے اطراف جالی نہیں لگائی گئی ہے انتہائی خطرناک ہے۔ اس قبرستان میں اکثر مسلمان اپنے مرحومین کی قبروں کی زیارت کیلئے آتے رہتے ہیں۔ آج محکمہ برقی کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی سے ایک جانور ہلاک ہوا ہے کل انسانی جانوں کو بھی اس ٹرانسفارمر سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ ارباب مجاز محکمہ برقی سے عوام کا مطالبہ ہے کہ فی الفور اس ٹرانسفارمر کے اطراف محفوظ جالی لگائی جائے۔