نارائن پیٹ کے سرکاری جونئیر کالجوں میں 1450 داخلے

   

آن لائین کلاسیس کا آغاز ، نوڈل آفیسر جناب ریاض حسین کا ا نکشاف

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع نوڈل آفیسر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب ریاض حسین نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نارائن پیٹ ضلع کے 8 سرکاری جونئیر کالجوں میں 16 نومبر کو داخلوں کی آخری تاریخ تک جملہ 1450 طلباء و طالبات نے داخلے حاصل کئے ہیں ۔ جبکہ 14 خانگی کالجوں میں صرف تین کالجوں کو حکومت نے منظوری دی ہے ۔ ماباقی 11 کالجوں نے حکومت کی شرائط کی تکمیل نہ کرنے پر تاحال انہیں منظوری نہیں ملی ہے ۔ ضلع میں 8 سرکاری کالجوں میں داخلوں کی تعداد اس طرح ہے ۔ نارائن پیٹ 235، کوسگی 315، اوٹکور 79، دامرگدہ 155، دھنواڑہ 115، مکتھل 210، ماگنور 105 مدور 235 داخلے حاصل ہوئے ہیں۔ اس طرح جملہ 1450 طلباء کو داخلہ ملا ہے ۔ نارائن پیٹ ضلع میں تین مقاماتنارائن پیٹ کوسگی اور مکتھل میں اردو متوازی جماعتیں بھی قائم ہیں ۔ نارائن پیٹ میں چار گروپ قائم ہیں جبکہ کوسگی اور مکتھل میں ایک ایک گروپ قائم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوسگی اور مکتھل اردو متوازی جماعتوں کو پڑھانے کیلئے گیسٹ لکچرر کا تقرر عمل میں لایا جاتا ہے ۔ تاحال ان مقامات کے کالجوں میں اردو متوازی جماعتوں کو پڑھانے کیلئے گیسٹ لکچرر کا تقرر بھی عمل میں نہیں آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائین کلاسیس کا آغاز عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ کالجوں میں جاری آن لائین کلاسوں سے استفادہ حاصل کریں ۔