کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی کے درمیان خوشگوار موڈ میں بات چیت، ہنمنت راؤ کی مساعی کامیاب
حیدرآباد ۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سے محروم ہونے کے بعد پارٹی سرگرمیوں سے دور رہ کر وقفہ وقفہ سے پارٹی ہائی کمان اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو تنقیدوں کا شکار بنانے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے دھان کی خریدی کیلئے آج سے اندراپارک پر شروع کردہ کانگریس کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔ یہی نہیں ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی نے خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے بات چیت کرتے ہوئے جو خلاء پیدا ہوا تھا اس کو بھی دور کردیا۔ سب سے اہم بات یہ بھی رہی کہ اس احتجاجی دھرنے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے۔ کانگریس کے تینوں ارکان پارلیمنٹ پہلی مرتبہ ایک پلیٹ فارم پر دیکھے گئے جس سے کانگریس کے حلقوں بالخصوص کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی کے حلقوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ اندراپارک پر احتجاج میں شامل کانگریس کے تمام سینئر قائدین کے چہروں پر خوشی کی لہر دیکھی گئی۔ یہ خوشی عارضی ہے یا مستقل۔ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں شامل رہنے والے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی پارٹی ہائی کمان کی جانب سے اے ریونت ریڈی کو صدر بنانے پر ناراض ہوگئے تھے۔ انہوں نے اسی وقت گاندھی بھون میں قدم نہ رکھنے کا عہد کیا تھا اور آج تک گاندھی بھون نہیں پہنچے۔ جب بھی موقع ملتا وہ ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے تھے۔ کہا جارہا ہیکہ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کی مصالحت کامیاب ہوئی ہے۔ پارٹی قیادت نے انہیں ناراض رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو سمجھانے منانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ایک دو مرتبہ وہ ناکام رہے مگر آج وہ کامیاب ہوگئے ہیں جس سے کانگریس کے حلقوں میں ایک نیا جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ ن