نامور رائٹر و جرنلسٹ یاشیکادت کو دلت ہونے پر فخر

,

   

نئی دہلی ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) یاشیکادت آج ایک نامور رائٹر اور جرنلسٹ ہے جو اپنے بچپن کی مشکلات اور مسائل کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہے۔ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والی یاشیکا سوچتی ہے کہ کیا اعلیٰ ذات کے لوگوں کا بچپن خوشحال ہوتا ہے۔ وہ اپنے ماضی کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی ماں کی خواہش کا ذکر کرتی ہے جو اپنی غربت پر قابو پاتے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم دینا چاہتی تھی۔ شوہر شرابی تھا اور کوئی مدد کرنے والا نہیں۔ یاشیکا کو بورڈنگ اسکول میں بھرتی کردیا گیا جہاں اس نے سخت محنت کی اور ہونہار طالبہ ثابت ہوئی اور پھر ہندوستان کی باوقار سمجھی جانے والی یونیورسٹی سینٹ اسٹیفنس سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ دہلی میں جرنلسٹ کی حیثیت سے کام کیا اور پھر نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے ماسٹرس کی تکمیل کی جہاں اب وہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی کیلئے کام کررہی ہے۔ 34 سالہ یاشیکادت نے امریکہ میں بھی نسلی اور ذات پات کا فرق محسوس کیا جہاں افریقی نژاد افراد کے ساتھ ویسا ہی سلوک تھا۔ دت گذشتہ ماہ جئے پور لٹریری فیسٹیول میں شرکت کیلئے ہندوستان آئی تھیں۔ نئی دہلی کیفے میںاس کی گارڈین سے ملاقات ہوئی۔ یاشیکا کے والدین غریب تھے جو راجستھان کے اجمیر میں رہتے تھے اور اپنی ذات کو چھپانے کی کوشش کرتے۔ دت ہمیشہ اپنی کلاس میں فرسٹ آیا کرتی تھی۔ دت نے ہندوستان میں فیشن جرنلسٹ کے پیشہ کا انتخاب کیا۔ اپنی ذات کو چھپانے کی بات ہمیشہ ذہن میں رہتی۔ اگر اس کا اظہار ہوجائے تو کیا لوگ اس کے ساتھ بھی بیٹھیں گے؟ یہ خوف ہمیشہ ذہن پر چھایا رہتا۔ 2016ء میں حیدرآباد یونیورسٹی کے دلت طالب علم روہت ویمولا کی خودکشی کا واقعہ ہندوستان میں بڑا چھایا رہا۔ دت کا احساس ہیکہ روہت نے اپنے دلت ہونے کو چھپایا نہیں بلکہ اس کا اظہار کیا۔ یاشیکادت نے اپنی کتاب میں اس کا ذکر کیا جس نے دلت طلباء کی نمائندگی کی ا ور ان کے ساتھ کھڑا رہا۔ اس واقعہ نے دت کو متاثر کیا اور اس نے ایک فیس بک پوسٹ میں اپنی حقیقی ذات کا اعلان کردیا۔ ویمولا کی موت نے یہ احساس دلایا کہ اس کی کہانی مجبوری تھی شرم نہیں۔ اس پر ساتھیوں، دوستوں اور جان پہچان والوں کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا جنہوں نے وہی روایتی جملہ کہا کہ ’’تم دلت نہیں لگتی ہو‘‘ دلتوں پر یوں تو کئی فلمیں بنی ہیں لیکن سوشل میڈیا اب ایک طاقتور فورم ہے۔ دت کی کتاب دلت لٹریچر، آرٹ اور موسیقی کے علاوہ تجربات کا حصہ ہے جو ہندوستان میں ہے۔