نامور صحافی جناب فیض محمد اصغر ایڈیٹر تبارک نیوز کا انتقال

   

نماز ِجنازہ اور تدفین میں سینکڑوں سوگواروں کی شرکت

حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (راست) ریاست تلنگانہ کے نامور اردو صحافی جناب فیض محمد اصغر ولد جناب شیخ احمد مرحوم ایڈیٹر تبارک نیوز سرویس، ساکن پائیں باغ جہاں نماز کا مختصر سی علالت کے بعد آج صبح اچانک انتقال ہوگیا۔ گردوں میں تکلیف کی شکایت پر ان کو کل رات حیدرآباد کڈنی سنٹر ملک پیٹ میں شریک کروایا گیا جہاں آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کی عمر 63 سال تھی۔ نماز جنازہ آج شب بعد عشاء تاریخی مکہ مسجد میں ادا کی گئی۔ خطیب مکہ مسجد مولانا حافظ محمد رضوان قریشی نماز جنازہ پڑھائی۔ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں تکیہ گلاب شاہ بی بی کا چشمہ جہاں نما میں تدفین عمل میں آئی۔ ان کے انتقال کی خبر شہر کے صحافتی اور سماجی حلقوں میں تیزی کے ساتھ پھیل گئی اور صبح سے ہی ان کے مکان پر اظہار تعزیت کیلئے صحافیوں، سیاسی و سماجی قائدین، علماء و مشائخین اور دوست احباب و رشتہ داروں کا تانتا بندھ گیا۔ ان کے فرزند جناب تبریز محمد زبیر آج صبح ہی دمام سعودی عرب سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ پرسہ دینے نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کرنے والوں میں اسد الدین اویسی ایم پی، مولانا حیدر شاہ ولی سجادہ نشین نلنگہ شریف، مولانا جعفر پاشاہ حسامی امیر امارت ملت اسلامیہ، مولانا قبول پاشاہ شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن، مولانا سید شاہ اعظم علی صوفی، جناب سید احمد پاشاہ قادری، جناب اے کے خاں مشیر حکومت تلنگانہ، کیپٹن اتم کمار ریڈی صدر پی سی سی، سابق وزیر ہریش راؤ، جناب شفیق الزماں آئی اے ایس، جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس کلکٹر ضلع وقارآباد، مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین اردو اکیڈیمی، جناب محمد قمرالدین صدرنشین اقلیتی کمیشن، جناب سید جلیل احمد صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت، مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سابق صدرنشین وقف بورڈ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ، مولانا پیر شبیر نقشبندی، جناب عابد رسول خاں سابق صدرنشین اقلیتی کمیشن، جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری، جناب ایم اے عظیم آئی اے ایس ڈائریکٹر اسپورٹس، جناب ایس کے افضل الدین، جناب علی رضا، ایم اے ماجد، جرنلسٹس یونین کے قائدین جناب ڈی امر، سرینواس ریڈی، امرناتھ، وراحت علی، نریندر ریڈی، جناب محمد ریاض احمد صدر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس اور دوسرے شامل ہیں۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند جناب تبریز محمد زبیر اور دو دختران شامل ہیں۔ جناب فیض محمد اصغر نے خبر رساں ادارہ نیوز ٹرسٹ سے اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا اور مختلف اخبارات میں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے اپنی علیحدہ نیوز ایجنسی تبارک نیوز اینڈ فیچرز سرویس قائم کی تھی۔ فاتحہ سیوم منگل یکم جنوری کو بعد عصر مسجد تکیہ گلاب شاہ چشمہ بی بی، جہاں نما میں مقرر ہے۔