ناگول جیویلری شاپ میں ڈکیتی معاملہ میں 16 افراد گرفتار

   

کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) ناگول ڈکیتی میں ملوث ٹولی رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کرلیا ، یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتائی ۔ انھوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ 23 سالہ ہنس راج ساکن رامائن پیٹ ضلع میدک ، 31 سالہ فیروز ساکن گجویل ، 26 سالہ سومر چودھری ساکن ورگل سدی پیٹ ، 30 سالہ گڈیا جاٹ جو اصل سرغنہ جاٹ مہندر کی بیوی ہے ، 31 سالہ منیش وائشنو ساکن کنڈا پاک اور 32 سالہ رتیش وائشنو ساکن پالاکرتی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے تین دیسی ساختہ پستول کارتوس ، ایک ایرگن ، مسروقہ طلائی زیورات ، خنجر ،موٹر سیکل ، مہندرا ایکس یو وی گاڑی ، موبائیل فون اور نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ ناگول کے سیناپوری کالونی میں واقع مہادیو جویلرس پر نظر رکھی گئی جہاں فائرنگ کرتے ہوئے تین کیلو سونا و دیگر اشیاء کو لوٹ لیا گیا تھا ۔ اس فائرنگ میں راج کمار زخمی ہوئے تھے جنھیں شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ پولیس نے اس ڈکیتی کی واردات کے بعد فوری اقدامات کرتے ہوئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا اور تحقیقات کے بعد اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ جاٹ مہندر اس سارے واقعہ کا اصل ماسٹر مائنڈ ہے جس نے سازش کو تیار کیا تھا ۔ جاٹ مہندر گجویل میں راج لکشمی جویلرس چلاتا ہے اس لئے مہادیو جیویلرس کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے اپنے قریبی ساتھی فیروز کو اس میں شامل کرلیا ۔ اس سے ہریانہ اور دہلی سے تعلق رکھنے والی ایک ٹولی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انھیں اپنی سازش پر عمل کرنے کیلئے رضامند کرلیا اور انھیں سپاری دیدی ۔ منصوبہ کے مطابق تمام کارروائی انجام دی گئی اور اس ٹولی نے واردات کو انجام دینے سے 10 دن قبل رامائن پیٹ میں قیام کیا تھا اور اکٹوبر کے مہینے میں بھی منصوبہ پر عمل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں مفرور افراد بشمول اصل سرغنہ جاٹ مہندر چودھری کی تلاش میں مصروف ہیں اور عنقریب انھیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ جاٹ مہیندر کے علاوہ سمت ڈاگر ، منیش اور مافیا مفرور ہیں ۔ پولیس نے اس کیش میں صد فیصد ریکوری کو یقینی بنایا ۔ انھوں نے بتایا کہ واردات کو انجام دینے کے بعد چند ریاست سے فرار ہوگئے اور چند افرا د کنڈا پاک سدی پیٹ چلے گئے جہاں انھیں پناہ دی گئی ۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے بتایا کہ اس سازش میں ملوث اور کارروائی کو انجام دینے والے کسی فرد کو بخشا نہیں جائے گا اور تمام کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔