ناگپور: مہاراشٹرا کے ناگپور میں جمعہ کی رات سے ہو رہی بارش نے شہر میں معمولات زندگی درہم برہم کر دئے ہیں۔ صرف 4 گھنٹے میں 100 ملی میٹر بارش ہوئی اور شہر کے کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے ناگپور اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے کچھ وقت کیلئے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ ناگپور میں شدید بارش کے بعد سیلاب کی وجہ سے ایک 53 سالہ خاتون سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس نے کل یہ اطلاع دی۔نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے آج ناگپور پہنچے اور بارش سے سب سے زیادہ متاثر امبازری جھیل کے علاقے کا دورہ کیا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے باہر سے دیکھنے کے بجائے گھروں کے اندر آ کر دیکھنے کا مطالبہ کیا۔ عوام کے مطالبے پر دیویندر فڑنویس نے کچھ گھروں کے اندر جا کر نقصان کا جائزہ لیا اور لوگوں کی شکایات سنیں۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق سیلاب کا پانی سریندر گڑھ کی رہائشی سندھیا دھورے (53) اور اس کی ماں سیابائی دھورے (72) کے گھر میں داخل ہو گیا۔ اس دوران دیگر رشتہ دار گھر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے لیکن فالج کی شکار سندھیا دھورے کو گھر میں ہی رہ گئیں کیونکہ وہ چلنے پھرنے سے قاصر تھیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ سندھیا دھورے کمرے میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد ڈوب گئی۔ ایک ریسکیو ٹیم نے ہفتے کی صبح ان کی نعش برآمد کی۔ دیگر مرنے والوں میں 70 سالہ میرا بائی بھی شامل ہے جبکہ ایک ‘نالے’ سے ایک نامعلوم نعش برآمد ہوئی۔