ناگیشور راؤ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی لیڈر منتخب

   

کیشو راؤ راجیہ سبھا پارٹی قائد ہوں گے ، پرگتی بھون میں اجلاس
حیدرآباد۔13جون(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی پارلیمینٹری کمیٹی کے اجلاس میں رکن پارلیمنٹ کھمم مسٹر ناما ناگیشور راؤ کو لوک سبھا میں ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا قائد منتخب کیا گیا جبکہ راجیہ سبھا میں ڈاکٹر کے کیشوراؤ کو پارلیمانی پارٹی قائد منتخب کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت منعقدہ تلنگانہ راشٹر سمیتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران متفقہ طور پر پارلیمانی قائد اور وہپ کے علاوہ نائب فلور لیڈر کے انتخاب کو قطعیت دی گئی ۔ پرگتی بھون میں منعقد ہوئے اس اجلاس میں مسٹر بی بی پاٹل کو لوک سبھا پارلیمانی پارٹی کا وہپ بنایا گیا جبکہ راجیہ سبھا پارلیمانی پارٹی کے وہپ کے طور پر مسٹر جے سنتوش کمار کو منتخب کیا گیا ۔ لوک سبھا میں مسٹر کے پربھاکر ریڈی نائب پارلیمانی پارٹی قائد ہوںگے اور راجیہ سبھا میں مسٹر بی پرکاش پارلیمانی پارٹی کے نائب قائد ہوں گے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران 17 جون سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس کے سلسلہ میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور پارٹی کی حکمت عملی کی تیاری کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی کے دو اہم قائدین و سابق ارکان پارلیمان مسٹر بی ونود کمار اور مسز کے کویتا کی کمی کو شدت سے محسوس کیا گیا جو کہ کریم نگر اور نظام آباد سے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے سبب اجلاس میں موجود نہیں رہے۔اسی طرح پارٹی کے نومنتخب ارکان پارلیمان اور سینیئر قائدین کی جانب سے محبوب نگر کے سابق رکن پارلیمنٹ تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر جتیندر ریڈی کے متعلق بھی بات چیت کرتے دیکھا گیا ۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی ارکان پارلیمان کو صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے مفادات کے تحفظ اور ریاست کی ترقی کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں ریاست کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنائیں۔