نتن یاہو کو ہر حال میں ہٹانا ہوگا:سابق اسرائیلی وزیراعظم

   

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کے سابق وزیرِ اعظم ایہود اولمرٹ نے میڈیاکو انٹرویو کے دوران موجودہ وزیرِ اعظم بنجامن نتن یاہو کی شدید مخالفت کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کیلئے کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔30 مارچ کو منتہٰی الرحامی کا شو نشر ہو گا جس میں انٹرویو کے دوران اولمرٹ نے کہا کہ میں نتن یاہو کی حمایت نہیں کرتا۔ میرے خیال میں انہوں نے ہر ایک ممکنہ غلطی کی ہے اور انہیں ہٹانا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ جلد از جلد ہٹا دیا جائے گا۔ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے نتن یاہو کو اہم تفتیش اور تنقید کا سامنا ہے۔ 2006 سے 2009 تک وزیرِ اعظم رہنے والے اولمرٹ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اسرائیل، فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کریگا۔ اولمرٹ نے بطور وزیرِ اعظم اپنے دور میں ایک امن منصوبہ تجویز کرنے کا دعویٰ کیا جسے فلسطینی فریق کی حمایت حاصل نہیں ہوئی تھی۔