نتیش کمار فلور ٹسٹ میں پاس، اپوزیشن کا واک آؤٹ

   

جے ڈی یو ۔ بی جے پی مخلوط حکومت کی تائید میں 129 ووٹ ڈالے گئے

پٹنہ : بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایوان میں حکومت کے تئیں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔ بہار اسمبلی میں فلور ٹسٹ سے قبل برسراقتدار طبقہ اور حزب مخالف طبقہ کے لیڈران کی زوردار تقریریں ہوئیں۔ پھر جب فلور ٹسٹ کا وقت آیا تو اپوزیشن نے واک آؤٹ کر دیا۔ حالانکہ نتیش کمار نے اپوزیشن سے گزارش کی کہ وہ ووٹنگ میں حصہ لیں، لیکن اپوزیشن کے سبھی اراکین ایوان سے باہر نکل گئے۔ پھر جب ووٹنگ ہوئی تو نتیش حکومت کی حمایت میں 129 ووٹ پڑے۔ چونکہ اپوزیشن نے مکمل واک آؤٹ کر دیا تھا، اس لیے نتیش حکومت کے خلاف ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔فلور ٹسٹ سے قبل وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ 2005 سے ہمیں (جنتا دل یو۔بی جے پی) کام کرنے کا موقع ملا۔ 18واں سال ہے، درمیان میں کچھ مہینہ آپ کو (آر جے ڈی) دیا تھا۔ ہم سے پہلے ان کے (تیجسوی کے) ماں باپ کو 15 سال تک کام کرنے کا موقع ملا۔ انھوں نے کیا کیا؟ شام میں لوگ نکلنے سے ڈرتے تھے، اب دیر رات تک میٹنگیں ہوتی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی نتیش کمار نے کہا کہ ’’ہم پرانی جگہ پر آ گئے ہیں، سب دن کیلئے آ گئے ہیں۔ پھر وہ کہتے ہیں ہم کسی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ سبھی کے مفاد میں کام کریں گے۔ اس سے قبل تیجسوی یادو نے اپنی تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ آپ نے کہا یہاں من نہیں لگ رہا، ہم لوگ ناچنے گانے کیلئے تھوڑی نہ ہیں۔ نتیش جی آپ پہنچایے کہ آپ کے ساتھ کون کون کیکئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کرپوری ٹھاکر نے ریزرویشن دیا لیکن جَن سنگھ نے اس کی مخالفت کی، اور حیرت کی بات ہے کہ نتیش کمار اُسی جَن سنگھ کے ساتھ جا کر بیٹھ گئے۔ تیجسوی یادو نے اپنی تقریر کے دوران یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ جو ذمہ داری آپ (نتیش) نے مودی جی کو بہار میں روکنے کا اٹھایا تھا، وہ اب آپ کا بھتیجہ پورا کرے گا۔ اب بھی بہار میں مہاگٹھ بندھن قائم ہے۔ سی پی آئی اور لیفٹ کے دوسرے گروپوں کے ساتھ کانگریس اور آر جے ڈی کی قیادت جاری ہے۔