نربھئے کیس کے مجرم کی عرضی سپریم کورٹ سے خارج

,

   

پھانسی کے وارنٹ کی فوری اجرائی سے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کا انکار
نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے نربھیا عصمت ریزی کیس کے مجرم اکشے سنگھ کی پھانسی سے متعلق فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست آج مسترد کردی۔ اس طرح چاروں مجرمین کی پھانسی کی سزاء برقرار رکھی گئی ہے۔ جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا پر مشتمل تین رکنی بنچ نے اکشے سنگھ کی درخواست نظرثانی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ درخواست میرٹ کی بنیاد پر سماعت کیلئے نہیں ہے۔ جسٹس بھانومتی نے بنچ کی جانب سے فیصلہ سنایا۔ نربھیا کی ماں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ اکشے سنگھ نے 2017ء کیلئے درخواست نظرثانی دی تھی۔ نربھیا کی ماں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست نظرثانی مسترد ہونے سے وہ انصاف کی سمت ایک قدم اور آگے بڑھ گئی ہیں۔ دوسری طرف پٹیالہ ہاؤز کورٹ میں نربھیا عصمت ریزی کیس کے چاروں مجرمین کو پھانسی دینے کے احکامات جاری کرنے پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فوری طور پر پھانسی کے احکامات جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے قانونی طور پر مجرمین کو دیئے گئے اختیارات کے استعمال کا موقع فراہم کیا اور 7 جنوری تک سماعت ملتوی کردی۔
ہے۔ اس موقع پر نربھیا کی ماں رو پڑیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کے فیصلہ سے مایوس ہوئی ہیں کیونکہ مجرمین کو عدالت نے ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ مجرمین کے حقوق پر کیوں غور کیا جارہا ہے؟

پھر ہمارے حقوق کا کیا ہوگا۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار اروڑہ نے دہلی حکومت کی درخواست کی سماعت کی جس میں چاروں مجرمین کو پھانسی پر لٹکانے کیلئے وارنٹ جاری کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی کاپی کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد سماعت کو 7 جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔ نربھیا کی ماں نے کہا کہ سات برسوں سے وہ مقدمہ لڑ رہی ہیں لیکن عدالت نے ہمارے حقوق پر غور نہیں کیا۔ عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سماعت میں بھی قطعی فیصلہ سنانے کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے۔ عدالت میں نربھیا کی ماں کو تسلی دیتے ہوئے جج نے کہا کہ آپ کے ساتھ مجھے پوری ہمدردی ہے۔ آپ کے گھر سے ایک فرد کی موت ہوئی ہے۔ ہم یہاں آپ کو سننے کیلئے موجود ہیں لیکن ساتھ قانون کے پابند بھی ہیں۔ پٹیالہ ہاؤز کورٹ نے تہاڑ جیل حکام کو یہ ہدایت دی ہیکہ وہ چاروں مجرمین سے یہ دریافت کریں کہ آیا وہ صدرجمہوریہ سے پھر رحم کی درخواست کریں گے۔ نربھیا کے والد نے کہا کہ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کی جانب سے پھانسی کے احکامات کی اجرائی تک وہ مطمئن نہیں ہوں گے۔ سارا ملک انصاف چاہتا ہے۔