نرسمہا رائو کو پرنب مکھرجی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کا خراج

   

کانگریس کے زیر اہتمام صدی تقاریب، اہم شخصیتوں کا آن لائن خطاب
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے آج سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا رائو کو خراج پیش کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے نرسمہا رائو جینتی صدی تقاریب کا اہتمام کیا جس کی افتتاحی تقریب آج منعقد ہوئی۔ سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، سابق مرکزی وزراء پی چدمبرم اور جئے رام رمیش نے نئی دہلی میں آن لائین خطاب کرتے ہوئے نرسمہا رائو کی ملک کے لیے خدمات کو سراہا۔ ان قائدین نے نرسمہا رائو سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا اور کہا کہ معاشی اصلاحات اور غریبوں کے لیے اسکیمات میں نرسمہا رائو کی خصوصی دلچسپی رہی۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نرسمہا رائو کی کابینہ میں وزیر فینانس کی حیثیت سے پہلا بجٹ پیش کرنے کا تجربہ بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نرسمہا رائو نے معاشی اصلاحات کے ذریعہ ملک کو ترقی کی نئی جہد عطا کی ہے۔ نرسمہا رائو ہمیشہ جرأت مندانہ فیصلوں کے لیے یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے اراضی اصلاحات میں نرسمہا رائو کے رول کی ستائش کی۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ سیاسی کیریئر میں نرسمہا رائو نے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے صدی تقاریب کے انعقاد پر پردیش کانگریس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ جس وقت یوتھ کانگریس میں تھے نرسمہا رائو کی حوصلہ افزائی کے سبب رکن پارلیمنٹ اور اے آئی سی سی تک پہنچ سکے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے نرسمہا رائو کی خدمات سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں پارٹی نے انہیں بھارت رتن اعزاز کے حق میں قرارداد منظور کی ہیں۔ نرسمہا رائو کے بھائی پی وی منوہر رائو نے صدی تقاریب کا افتتاح کیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو، ڈاکٹر جے گیتا ری، سریدھر بابو اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق صدر راہول گاندھی کے پیامات پڑھکر سنائے گئے جس میں نرسمہا رائو کی ستائش کی تھی۔