نرملا سیتا رامن 18اکٹوبر تک تھائی لینڈ کا دورہ پر

   

نئی دہلی، 14 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیرِ خزانہ نِرملا سیتا رمن بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور دیگر پروگراموں کے لیے 14 سے 18 اکتوبر تک تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے سرکاری دورے پر رہیں گی۔وزارتِ خزانہ نے بدھ کے روز بتایا کہ اس دورے کے دوران سیتا رمن جی-20 اور جی-7 کے وزرائے خزانہ اور سینٹرل بینک گورنرز کے اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گی۔ ان کا عالمی اقتصادی اور مالیاتی مسائل پر منعقدہ مختلف کثیرجہتی اجلاسوں اور بحث و مباحثوں میں حصہ لینے کا بھی پروگرام ہے ۔ ان میں موجودہ اقتصادی صورتحال اور مالیاتی شعبے سے جڑے موضوعات شامل ہوں گے ۔وزیرِ خزانہ کی تھائی لینڈ کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خزانہ ایکنیتی نیتتھن پراپاس اور سوئٹزرلینڈ، جاپان، لکسمبرگ، بھوٹان اور کیوراساؤ کے وزرائے خزانہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں۔اس کے علاوہ، وہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور جاپان بینک فار انٹرنیشنل کوآپریشن کے گورنر سے بھی ملاقات کریں گی۔وزارتی اجلاسوں کے علاوہ، سیتا رمن عالمی پالیسی سازوں، مالیاتی اداروں اور دیگر شراکت داروں سے منسلک مختلف پروگراموں اور بحث و مباحثوں میں شرکت کریں گی۔ ان اجلاسوں اور پروگراموں کے ذریعے ہندوستان کی اقتصادی کارکردگی، اصلاحات سے متعلق ترجیحات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
ساتھ ہی، عالمی معیشت سے جڑے اہم مسائل پر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت اور تعاون کو بھی استحکام ملے گا۔یہ دورہ کثیرجہتی اداروں کے ساتھ ہندوستان کی فعال شرکت اور عالمی اقتصادی و مالیاتی چیلنجوں کے حل کے لیے تعمیری بین الاقوامی تعاون کے لیے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے ۔