نامعلوم مرض، برڈ فلو کی جانچ، صورتحال مزید ابتر ہونے کا امکان
حیدرآباد: ریاست کے ضلع نرمل کے موضع میں 50چکن کے فوت ہونے کے علاوہ ضلع نظام آباد کے مواضعات میں بھی گذشتہ تین یوم سے مرغیوں کے فوت ہونے کی اطلاعات موصول ہونے لگی ہیں جس کے بعد علاقہ کے عوام میں دہشت پائی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ 50 سے زائد چکن جونرمل کے موضع میں فوت ہوئے ہیں وہ نا معلوم مرض کے سبب فوت ہوئے ہیں اور ان مردہ مرغیوں میں برڈ فلو کی جانچ کیلئے انہیں حیدرآباد روانہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر برڈ فلو کی توثیق نہیں ہوئی ہے جبکہ مدھیہ پردیش کے 17اضلاع میں برڈ فلو کی توثیق کی گئی ہے اسی طرح دیگر ریاستو ںمیں بھی برڈ فلو کی توثیق کی جا رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں وزارت افزائش مویشیاں کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر برڈ فلو نہیں پایا گیا ہے لیکن گذشتہ دنوں ورنگل ‘ پداپلی کے بعد اب نرمل میں چکن کے فوت ہونے کی اطلاعات کے بعد شہریوں میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ضلع نظام آباد میں بھی مرغیوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے لیکن تاحال کسی بھی عہدیدار کی جانب سے اس بات کی توثیق نہیں کی جا رہی ہے کہ ان مرغیوں کی اموات کی وجہ کیا ہے اور کیوں یہ فوت ہونے لگی ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ ویٹرنری عملہ کی جانب سے حیدرآباد کو اس صورتحال سے واقف کروایا جاچکا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد اس بیماری کا پتہ چلایا جاسکے۔ نرمل اور نظام آباد کے مواضعات میں مرغیوں کے فوت ہونے کی اطلاعات کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاست میں صورتحال مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے اور مرغیوں میں پائی جانے والی یہ بیماری ریاست کے دیگر اضلاع تک بھی پہنچ سکتی ہے۔