نریندر مودی اور کے سی آر میں خفیہ معاہدہ : وجئے شانتی

   

سیکولر ووٹ تقسیم کرنے فیڈرل فرنٹ کے قیام کا الزام
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین فلمی اسٹار وجئے شانتی نے چیف منسٹر کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ وہ تلنگانہ عوام کے ایجنٹ ہیں اور اسی سے کوئی خفیہ سمجھوتہ کی ضرورت نہیں۔ چیف منسٹر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برسوں تک بی جے پی اور نریندر مودی سے کے سی آر کا خفیہ معاہدہ رہا ۔ فیڈرل فرنٹ کے نام پر کے سی آر کی کوششیں اسی سازش کا حصہ ہے تاکہ سیکولر ووٹ تقسیم کئے جائیں۔ نریندر مودی کو دوبارہ وزیراعظم بنانے کیلئے فیڈرل فرنٹ کا کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ وجئے شانتی نے کے سی آر سے سوال کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں این ڈی اے حکومت کی ناکامیوں پر کیوں خاموش ہیں۔ مودی اور کے سی آر جوڑی کی سچائی عوام میں آنے کے بعد سے چیف منسٹر برہمی کے عالم میں اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ خود کو تلنگانہ عوام کے ایجنٹ قرار دینے والے کے سی آر جواب دیں کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 14 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ریاست کی تقسیم کے وعدوں کی تکمیل میں کس حد تک کامیابی حاصل کی۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر دونوں ریاستوں کے لئے کئی وعدے کئے گئے تھے لیکن کے سی آر نے نریندر مودی سے تلنگانہ کیلئے کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔ تلنگانہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ مزید دھوکہ کھانے والے نہیں۔ وجئے شانتی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج سے یہ واضح ہوجائے گا کہ کے سی آر حقیقی معنوں میں کس کے ایجنٹ ہیں۔