نشہ میں دھت اسکول پہونچنے والا ٹیچر معطل

   

طلبہ کی مار پیٹ کی ، گاؤں والوں نے ٹیچر کو اسکول میں مقفل کردیا
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سماج اور معاشرے میں استاد ( ٹیچر ) کا انتہائی اہم مقام ہوتا ہے ۔ بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے والا استاد طلبہ کے لیے رول ماڈل بن جاتا ہے ۔ لیکن ایک ٹیچر نے نہ صرف شراب پی کر اسکول پہونچا اور نشے میں طلبہ پر ظلم و ستم کیا وہ نشے میں اتنا دھت تھا کہ خود اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوپارہا تھا ۔ ٹیچر کی اس حالت دیکھ کر معصوم طلبہ حیرت زدہ رہ گئے ۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع بھدرادری کتہ گوڑم کے چرلہ منڈل میں واقع جی پی پلی کے پرائمری اسکول میں پیش آیا ۔ اسکول میں جملہ 73 طلبہ زیر تعلیم ہیں جن کے لیے دو اساتذہ کی خدمات دستیاب ہے ۔ چہارشنبہ کو ایک ٹیچر رخصت پر تھا دوسرا ٹیچر بی کشن شراب نوشی کر کے اسکول ڈیوٹی پر پہونچا ۔ نشہ کی حالت میں ٹیچر نے طلبہ کی پٹائی کردی جس کی طلبہ نے اپنے والدین سے شکایت کی جس پر گاوں والے اسکول پہونچکر ٹیچر بی کشن سے بات چیت کرنے کی کوشش ۔ مگر وہ بات کرنے کے موقف میں نہیں تھا ۔ نشے میں دھت ٹیچر کو گاوں والوں نے اسکول کے ایک روم میں بند کر کے مقفل کردیا اور اس کی اطلاع ڈی ای او کو دی ۔ عہدیداروں نے ڈی ای او کو رپورٹ پیش کی جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈی ای او نے ٹیچر بی کشن کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا ۔۔ 2