نظام آباد میں ماسٹر پلان کی خامیوں کو فوری دور کیا جائے

   

نظام آباد۔ 30ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد شہر کے ماسٹر پلان میں موجود خامیوں اور نقائص کو فوری دور کرتے ہوئے عوامی اعتراضات اور تجاویز کو شامل کرنے کے بعد ہی ماسٹر پلان کو منظوری دینے کا مطالبہ نظام آباد سٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی نے ریاستی حکومت کے مشیر و رکن اسمبلی بودھن مسٹر پی سدرشن ریڈی سے کیا ۔ کمیٹی کے نمائندوں نے پی سدرشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ سابق حکومت کی جانب سے شہری منصوبہ بندی کے سلسلہ میں عوامی سماج کی تجاویز، مشوروں اور اعتراضات کو خاطر میں لائے بغیر یکطرفہ طور پر ڈرافٹ ماسٹر پلان تیار کیا گیا تھا، جس کے باعث شہر کی ترقی اور مستقبل کی ضروریات سے متعلق کئی امور میں خامیاں پیدا ہوئی ہیں۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ماسٹر پلان میں ضروری تبدیلیاں اور عوام کی جانب سے پیش کردہ اعتراضات کو دور کرنے کے بعد ہی اسے حتمی منظوری دی جائے۔ کمیٹی کے نمائندوں نے ان مسائل کے جلد حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ پی سدرشن ریڈی سے ملاقات کرنے والوں میں نظام آباد سٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے صدر آکولا پرساد، جنرل سکریٹری رام موہن راؤ، کمیٹی کے قائدین پربھاکر، پنشنرس یونین کے قائدین ای وی ایل نارائن، سیرپا ہنومانلو، پرساد راؤ، سامبا شیو راؤ، راجو، بالنا، سری ہری اور دیگر شامل تھے۔