نظام آباد کلکٹریٹ کے روبرو سی آئی ٹی یو کا دھرنا

   

نظام آباد۔20 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سی آئی ٹی یو کی جانب سے آج کلکٹریٹ پر بڑے پیمانے پر دھرنا دیتے ہوئے اے این ایم ایس ، ایچ او اربن ہیلتھ سنٹر میں کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اے این ایم کی ضلع سکریٹری نورجہاں کی قیادت میں یونین کے سکریٹری وینو و دیگر خواتین نے بڑے پیمانے پر دھرنا دیا اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے نورجہاں نے کہا کہ سال 2011 ء میں حکومت نے ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے جی او جاری کیا تھا اور ملازمین حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان پر امید لگائے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک ان کے مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی ۔ کورونا جیسے سنگین موقع پر اے این ایم ایس نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹیوں کو انجام دیا 15 سے 20 سال تک اے این ایم خدمات کو انجام دے رہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا ۔ نورجہاں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں واضح طورپر احکامات جاری کرتے ہوئے کام کے مطابق اجرتوں کی ادائیگی کی ہدایت دی ۔ 11 ویں پی آر سی کے مطابق 31040 روپیوں کے علاوہ انہیں ایچ آراے ادا کرنا ناگزیر ہے ۔ نورجہاں نے تفصیلی طور پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے جنگی خطوط پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔