نظام کلب میں آتشزدگی کا واقعہ

   

حیدرآباد : شہر کے مشہور نظام کلب میں آج آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں کلب کا پینٹ ہاؤز اور دیگر اشیاء جلکر خاکستر ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی صبح فائر کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ نظام کلب میں آگ لگی ہے اور اندرون چند منٹ 3 فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر روانہ کردیا گیا ۔ فائر عملہ نے نظام کلب کی پہلی منزل پر لگی آگ کو قابو پانے 3 گھنٹوں کی کوشش کی لیکن وہاں پر موجود اشیاء جلکر خاکستر ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا اور کلب کے عملہ نے عمارت سے دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر فائر کنٹرول روم کو آگاہ کیا تھا ۔ پینٹ ہاؤز میں لگی آگ میں سرور روم ، فرنیچر اور دیگر اشیاء جلکر مکمل طور پر خاکستر ہوگئے ۔ پولیس سیف آباد کی ایک ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور بتایا کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا جبکہ ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں کلب مکمل طور پر بند ہے اور جس کے نتیجہ میں وہاں پر کوئی بھی موجود نہیں تھا ۔