نفرت اور امتیازی سلوک پر احتجاج کریں، بلاول بھٹو کا مشورہ

   

اسلام آباد: بی جے پی نے بلاول بھٹو کے نریندر مودی کیخلاف ریمارکس پر ملک گیر احتجاج کیا، جس پر پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہیکہ بی جے پی میرے خلاف نہیں بلکہ ہندوستان میں ہونے والے امتیازی سلوک اور نفرت کے خلاف احتجاج کرے۔ 15 دسمبر کو اقوام متحدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم نریندر مودی کو گجرات کا قصائی قرار دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ گجرات میں سال 2002 کے دوران قتل کیے گئے 2 ہزار سے زائد افراد کے قاتل کو سزا دینے کے بجائے اسے وزیراعظم بنا دیا گیا۔بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ ہندجے شنکر کے ریمارکس پر سخت ردعمل دیا تھاجب انہوں نے 14 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اپنی بریفنگ کے دوران الزام لگایا تھاکہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کی میزبانی کی اور پاکستان ہی دہشت گردی کا سب سے بڑا مرتکب ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے جب صحافی نے ان کے خلاف بی جے پی کے احتجاج کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ میرے تبصرے تاریخ پر مبنی تھے اور تاریخ مٹانا مشکل ہے، آپ اپنی پسند اور ناپسند کے مطابق تاریخ تبدیل نہیں کرسکتے’۔