نقلی تخم کا ریاکٹ بے نقاب ، 4 افراد گرفتار

   

کپاس کے 28 ٹن نقلی بیج ضبط ، مشہور برانڈ سے فروخت کرنے کی کوشش ناکام
حیدرآباد ۔ /9 جون (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے نقلی بیجوں کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس نے 5 رکنی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2.8 ٹن کپاس کے نقلی بیج ضبط کرلیا ۔ اس کے علاوہ مختلف برانڈ کے نام پرینٹ کرتے ہوئے فروخت کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 50 لاکھ مالیتی اشیاء ضبط کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر آباد کی ایس او کو نقلی بیجوں کی بہ کثرت تیاری پر چوکس کیا گیا تھا ۔ جس کے فوری بعد رچہ کنڈہ میں اسپیشل آپریشن ٹیم کو چوکنا کردیا گیا ۔ ان تک رسائی اور کسانوں کو دھوکہ دینے والے افراد کی گرفتاری کیلئے پولیس نے منصوبہ تیار کیا اور 4 افراد 30 سالہ سی وینکٹیشورلو ساکن جواہر نگر ، 46 سالہ پی وینکٹ رمنا نندیال کرنول ، 32 سالہ این وینکنا ساکن حیات نگر اور 32 سالہ وی اشوک ساکن حیات نگر کو گرفتار کرلیا جبکہ 42 سالہ پی کرشنا نائیک مفرور بتایا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے بتایا کہ ان کے قبضہ سے 38 تھیلے ، بی بی کاٹن 17 تھیلے ، مکس کاٹن ، 13 تھیلے سرپنچ گولڈ پی جی کاٹن و دیگر برانڈ کو ضبط کرلیا ۔ حیات نگر کے علاقہ میں یہ لوگ خفیہ طور پر نقلی بیجوں کی پیاکنگ کرتے ہوئے اسے فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پیاکنگ کی مشنریز کو بھی ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ کچھ عرصہ سے یہ ٹولی نقلی بیجوں کے کاروبار میں ملوث تھی ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اسپیشل آپریشن ٹیم کے انسپکٹر کو نوڈل آفیسر کی طرز پر مقرر کرتے ہوئے اگریکلچرل عہدیداروں کے باہمی تعاون سے دھاوا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی مزید کارروائیاں جاری رہے گی ۔ کمشنر پولیس نے نقلی بیجوں کو تیار کرنے اور انہیں فروخت کرنے والوں کو سخت نتائج کا انتباہ دیا اور ان 4 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کسانوں سے درخواست کی کہ وہ نقلی بیجوں کی خریداری نہ کریں اور صرف سرکاری اور مسلمہ کمپنیوں کی جانب سے فروخت کی جانے والی بیجوں کو ہی خریدیں ۔ کمشنر نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمیوں کی فوری پولیس کو اطلاع دیں ۔