نلگنڈہ کو ماڈل بلدیہ میں تبدیل کیا جائے گا

   

ترقیاتی پروگراموں سے ریاستی وزیر کے وینکٹ ریڈی کا خطاب، عوام کی توقعات کو پورا کرنے کا تیقن

نلگنڈہ /17 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چھ گیارنٹیوں پر صد فیصد عمل کیا جائے گا ۔ آئندہ کابینہ اجلاس میں اس پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ مجلس بلدیہ نلگنڈہ کو ماڈل بلدیہ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ مجھے پانچویں دفعہ حلقہ کی نمائندگی کیلئے منتخب کرتے ہوئے عوام نے مجھ پر بڑی ذمہ داری عائد کی ہے ۔ میں ان کی توقعات کو مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آر اینڈ بی و سنیما ٹو گرافی مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے آج مجلس بلدیہ کے حدود میں شیواجی نگر تا پانگل 90 لاکھ روپئے لاگت سے سی سی سڑک اور این جی کالج تا رام گری بی ٹی روڈ جوکہ 30 لاکھ روپئے سے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا بعد ازاں آر ڈی او آفس نلگنڈہ میں شادی مبارک و کلیان لکشمی کے چیکس کی تقسیم پروگرام میںحصہ لیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون چند ماہ سماج کے تمام طبقات جو کہ بے گھر ہیں کو اندراماں مکانات فراہم کئے جائیں گے ۔ حلقہ میں تمام بے گھر خاندانوں کو پختہ مکانات فراہم کرنا ہے ۔ تمام مستحقین کے خوابوں کو مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ مستقر پر اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ حکومت بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے یو پی ایس سی کی طرز پر ٹی ایس پی ایس سی سے اعلامیہ کی اجرائی اور بدعنوانیوں سے پاک امتحانات کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت شفاف امتحانات کے انعقاد میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ ہر فلاحی اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے ارکان اسمبلی کے گرد گھومنا پڑتا تھا لیکن موجودہ حکومتیں عوامی حکومت سے اپنی اہلیت کی بنیاد پر اسکیموں سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ وہ ریاست بالخصوص حلقہ کی عوام کیلئے بیس گھنٹے دستیاب رہیں گے وہ حلقہ کی عوام کی محبت و تائید کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ ریاستی وزیر نے ترکاری مارکٹ کا بھی معائنہ کیا اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ بعد ازاں آر ڈی آفس میں حلقہ کی ترقی اور زیر التواء پراجکٹوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ جس میں ضلع کلکٹر ہری چندنا داسری ایڈیشنل کلکٹر مسٹر جے سرینواس مہتمم پولیس نلگنڈہ محترمہ دپتی چندنا انچارج صدرنشین بلدیہ اے رمیش ، کمشنر بلدیہ مسٹر کے وینکٹیشورلو آر ڈی او مسٹر ستیہ نارائنا کے علاوہ ارکان بلدیہ موجود تھے۔ ریاستی وزیر نے کلاک ٹاور سنٹر پر تعمیر شدنی کلا بھارتی میں سہولیات سے متعلق تفصیلات حاصل کی اور اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر سے متعلق عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر آر اینڈ بی سنیماٹو گرافی مسٹر کے وینکٹ ریڈی سرکاری دواخانہ میں 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیر بلاک جو 23.75 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے تعمیر کئے جانے والی اراضی کی پوجا کی اور تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔