گیان واپی مسجد، وارنسی
وارانسی : گیان واپی مسجد کو نماز جمعہ کے لئے عام دنوں کی بہ نسبت آج ہزاروں فرزندان توحید جمع ہوئے۔ مسجد کے اندر جگہ کی کمی کی وجہ سے وشواناتھ دھام کے گیٹ نمبر 4 کے باہر جمع مصلیوں کو واپس لوٹنا پڑا اور گیٹ بند کردیا گیا، جس کی وجہ سے کچھ دیر افراتفری کی صورتحال رہی۔ سکیورٹی کے پیش نظر چوکسی بڑھادی گئی ہے۔ پولیس انتظامیہ الرٹ ہے۔ وارانسی کی گیان واپی مسجد میں جمعہ کی نماز کے حوالے سے انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے اپیل کی تھی کہ لوگ جمعہ کی نماز کیلئے ہجوم نہ بنائیں کیونکہ افراتفری کا اندیشہ پیدا ہوجائے گا۔
اس اپیل کا زیادہ اثر نہیں ہوا۔ بڑی تعداد میں لوگ نماز ادا کرنے گیان واپی پہنچ گئے۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے اپیل کی گئی کہ وضو خانہ عدالتی حکم کے باعث سیل ہونے کی وجہ سے زیادہ لوگوں کا مسجد میں آنا مناسب نہیں ہوگا، اس لئے آپ سب اپنے اپنے علاقے میں جمعہ کی نماز ادا کریں۔ یہاں پولیس انتظامیہ بھی نماز جمعہ کے حوالے سے الرٹ ہے۔ نماز جمعہ کے آغاز سے لے کر آخر تک چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ مسجد کے حالیہ سروے کے بعد عدالت کے حکم سے گیان واپی مسجد کے وضو خانہ کی جگہ اور بیت الخلاء پر 9 تالے لگا کر اسے سیل کردیا گیا ہے۔ گیان واپی مسجد کی نگرانی کرنے والی انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے جوائنٹ سکریٹری ایس ایم یاسین نے ایک اپیل جاری کی تھی، جس میں کہا گیا کہ گیان واپی کا معاملہ عدالت میں ہے۔ عدالت کے سامنے گیان واپی کا سروے شروع ہونے سے پہلے عام طور پر اتنی زیادہ تعداد میں لوگ یہاں نماز ادا کرنے نہیں آتے تھے۔ سروے کے بعد سے یہاں کافی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ 6 مئی کو جب سروے شروع ہوا تو پہلی بار بڑی تعداد میں مصلی آئے تھے۔ اس کے بعد آج جمعہ پر کافی بھیڑ دیکھی گئی۔ پہلے صرف 400 لوگ نماز کیلئے آتے تھے جو آج ہزاروں ہوگئے۔ مسجد میں سروے کے تنازعہ کے بعد جمعہ پر پہلے سے ہی زیادہ بھیڑ آنے کی امید تھی۔