ننکانہ صاحب کی بے حرمتی کی اطلاعات مسترد

,

   

ہندوستانی میڈیا میں رپورٹس پر پاکستان کی وضاحت

اسلام آباد۔/4 جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان حکومت نے لاہور کے ننکانہ صاحب کی بے حرمتی کرنے سے متعلق اطلاعات کو جھوٹی اور بے بنیاد بتایا ہے۔ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ گروارہ تاریخی ننکانہ صاحب کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔ سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو کے لاہور میں واقع مقام پیدائش پر جمعہ کے دن برہم ہجوم نے حملہ کردیا تھا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے دفتر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ صوبہ پنجاب کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کو ننکانا صاحب شہر میں مسلمانوں کے دو گروپس میں جھگڑا ہوا تھا۔ چائے کے اسٹال پر معمولی بات پر بحث و تکرار ہوئی تھی۔ ضلع انتظامیہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ وزارت خارجہ کے دفتر نے کہا کہ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ مقدس گردوارہ کی بے حرمتی اور نقصان پہنچانے سے متعلق رپورٹس نہ صرف جھوٹی اور غلط ہیں بلکہ شرانگیزی بھی ہے۔ ہندوستانی میڈیا میں برہم ہجوم کی جانب سے ننکانہ صاحب پر حملہ کی رپورٹس کے بعد یہ وضاحت کی گئی ہے۔ دوسری طرف مقامی پولیس نے بتایا کہ ایک مسلم خاندان کی قیادت میں کچھ افراد نے گردوارہ کے روبرو دن بھر بیٹھ کر ان کے رشتہ داروں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ گرفتار شدہ ایک نوجوان پر الزام ہے کہ اس نے ایک لڑکی کا جبراً مذہب تبدیل کیا اور سکھ لڑکی سے شادی کی ہے۔