نواب ملک کو داود ابراہیم سے جوڑا جا رہا ہے کیونکہ وہ مسلمان ہیں: شرد پوار

   

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ پارٹی لیڈر اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کی گرفتاری ’سیاست سے متاثر‘ ہے اور انہیں انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔ انہوں نے نواب ملک کے استعفیٰ سے متعلق اپوزیشن کے ذریعہ کئے گئے مطالبہ کو بھی مسترد کردیا۔مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کو بھگوڑے گینگسٹر داود ابراہیم اور اس کے معاونین کی سرگرمیوں سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں جنوب ممبئی واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر میں تقریباً پانچ گھنٹے تک چلی پوچھ گچھ کے بعد گزشتہ 23 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔