نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت

   

اسلام آباد 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کابینہ نے آج سابق وزیر اعظم نواز شریف کو میڈیکل علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی ہے اور کہا کہ اس کیلئے انہیں ضمانتی بانڈز پر دستخط کرنے ہونگے کہ وہ علاج کے بعد وطن واپس ہونگے اور کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرینگے ۔ کابینہ کے اجلاس کے صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی اور اس میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نواز شریف کا نام حذف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے کہا کہ کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی ہے ۔ 69 سالہ نواز شریف نے جمعہ کو اتفاق کیا تھا کہ وہ علاج کیلئے لندن جائیں گے ۔ اس کیلئے انہیں ڈاکٹرس مشورہ دے رہے تھے اور افراد خاندان اصرار کر رہے تھے ۔ وہ اتوار کو لندن جانے والے تھے تاہم ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کی وجہ سے وہ روانہ نہ ہوسکے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ کابینہ کے بیشتر ارکان نے اتفاق کیا کہ نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جانا چاہئے اور یہ شرط رکھنی چاہئے کہ وہ علاج کے بعد واپس آئیں گے ۔