نوجوانوں کا پہلا ووٹ بہادر جوانوں کے نام ہونا چاہئے : نریندر مودی

,

   

قیام پاکستان کیلئے بھی کانگریس ذمہ دار ۔ نوٹ سے ووٹ خریدنا کانگریس کی قدیم روایت ۔ مہاراشٹرا میں انتخابی ریلیوں سے خطاب
اوسہ ( مہاراشٹرا ) 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک حساس مسئلہ کو انتخابی موضوع بنانے کی کوشش کی ہے اور انہوں نے پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا ووٹ ان کو دیں جنہوں نے بالاکوٹ میں فضائی حملے کئے تھے ۔ مودی نے مہاراشٹرا کے لاتور ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کیا آپ کا پہلا ووٹ ان لوگوں کو معنون ہوگا جنہوں نے فضائی حملے کئے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ سوال پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں سے کرتے ہیں کہ کیا ان کا پہلا ووٹ ان بہادر جوانوں کے نام ہوگا جنہوں نے بالا کوٹ میں سرجیکل حملے کئے تھے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ کیا ان کا پہلا ووٹ پلواما حملے کے بہادر شہیدوں کے نام ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں کو کو یہ بات ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ ان کا پہلا ووٹ انہیں ہمیشہ یاد رہے گا ۔ انہیں ہمیشہ یاد رہیگا کہ انہوںنے پہلا ووٹ کسے دیا تھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلا ووٹ سب کیلئے نگہداشت صحت کیلئے ہونا چاہئے اور آیوشمان بھارت اسکیم کیلئے ہونا چاہئے ۔ انہوں نے پاکستان کے قیام کیلئے بھی کانگریس کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اس کے قائدین نے اگر دانشمندی سے کام لیا ہوتا تو پاکستان کی تشکیل عمل میں نہیں آتی ۔ انہوں نے اوسہ میں خطاب کرتے ہوئے بھی پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں سے کہا کہ ان کا پہلا ووٹ بہادر جوانوں اور شہیدوں کے نام ہونا چاہئے ۔

نریندر مودی نے کہا کہ 1947 میں پاکستان کا قیام عمل میں نہیں آتا اگر اس کے قائدین نے ماقبل آزادی ہندوستان کے دور میں دانشمندی سے کام کیا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے منشور میں وہی زبان استعمال کی گئی ہے جو پاکستان کی ہے ۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ کے ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس کی حلیف این سی پی اور وہ ان جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو جموں و کشمیر کیلئے ایک الگ وزیر اعظم چاہتے ہیں۔ انہوں نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ خود کو مراٹھا مرد آہن سمجھتے ہیں لیکن کیا وہ ایسی طاقتوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں ؟ ۔ مودی نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسی نئے ہندوستان کی یہ ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے گھر میں گھس کر مارا جائے ۔ مودی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سکیوریٹی فورسیس کی بہادری پر پلواما حملے کے بعد سوال کر رہی ہیں۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کرپشن ہی ایسا کام ہے جو کانگریس پارٹی ایمانداری سے کرتی ہے ۔ انہوں نے عوام کو یاد دہانی کروائی کہ گذشتہ دو دن پہلے کس طرح کانگریس کے حامیوں کے گھروں سے رقومات ضبط کی گئی ہیں۔ نوٹ سے ووٹ خریدنے کی یہ کانگریس کی قدیم سیاسی روایت ہے ۔ یہ گذشتہ چھ مہینوں سے کہہ رہے ہیں کہ ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ لیکن نوٹ کہاں سے نکلے ہیں یہ عوام جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ کانگریس صدر راہول گاندھی مسلسل وزیر اعظم کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ کی مہم ملک بھر میں چلا رہے ہیں۔ راہول گاندھی کا الزام ہے کہ رافیل معاملت میں کرپشن ہوا ہے اور ان کی یہ مہم ملک بھر میں عوام کی توجہ کا مرکز بھی بنی ہوئی ہے