راجیہ سبھا میں انیل کمار یادو کا خصوصی تذکرہ، سرحدی ریاستوں پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے ملک میں منشیات کے پھیلاؤ اور نوجوان نسل کے متاثر ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ راجیہ سبھا میں خصوصی تذکرہ کے تحت یہ مسئلہ پیش کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہاکہ حال ہی میں ملک میں بڑے پیمانے پر منشیات کی ضبطی عمل میں آئی ہے۔ فروری 2024 ء میں نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے گجرات کے ساحل پر 3300 کیلو منشیات کو ضبط کیا۔ مارچ 2024 ء میں وشاکھاپٹنم پورٹ سے بڑے پیمانے پر منشیات کو ضبط کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چرس، گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ نوجوان نسل منشیات کے استعمال کی عادی بن رہی ہے۔ انیل کمار یادو نے کہاکہ بین الاقوامی سرحدوں سے مربوط ملک کی ریاستوں میں ڈرگس آسانی سے منتقل کیا جارہا ہے۔ پنجاب اور شمال مشرقی ریاستوں میں بین الاقوامی سرحد اور ساحل سمندر سے ڈرگس کا کاروبار جاری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ منشیات کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست بھی کسی قدر متاثر ہوئی ہے۔ انیل کمار یادو کے مطابق منشیات کے استعمال سے قلب، پھیپھڑوں کے کئی عوارض کے علاوہ کینسر، ایڈس اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں میں لوگ مبتلا ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو ڈرگس کی لعنت سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنھوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ ہندوستان میں ڈرگس کی منتقلی کو روکنے کے لئے سخت قدم اُٹھائیں۔ بین الاقوامی سرحدوں خاص طور پر سمندری راستے سے منشیات کی منتقلی کو روکنے پر توجہ دی جائے۔ اُنھوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ منشیات کے کاروبار اور منتقلی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ 1