نوح فسادات متاثرین کیلئے کالونیوں کا سنگ بنیاد

   

بلڈوز کئے گئے متاثرہ مسلمانوں کو فائدہ : جمعیت العلماء
نئی دہلی : فیروز پور جھرکہ میں ایک سو سے زائد غریب کسان خاندانوں کے گھرو ں کو بلڈوزر سے مسمار کردیا گیا تھا اور ان کے جانور لوٹ لئے گئے تھے ۔ اب یہ افراد کھلے آسمانوں کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں ۔ جمعیت العلماء ہند کا وفد جو شروع دن سے ان کی مدد کررہا ہے اس نے حالات کے مکمل جائزے کے بعد ان کیلئے جلد آشیانہ بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا ۔ چنانچہ جمعیت العلماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے وہاں 100مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ مولانا مدنی میوات فساد اور مابعد انہدامی کارروائی سے کافی فکر مند ہیں اور جمعیت کی طرف سے بازآبادکاری کے عمل کی براہ راست نگرانی و سرپرستی کررہے ہیں ۔ مولانا حکیم الدین نے بتایا کہ جمعیت العلماء ہند کا عزم ہے کہ کوئی شخص بغیر چھت نہ رہے اور ضرورت مندوں کو بے سہارا نہ چھوڑا جائے ۔ اسی فکر کو لیکر ہمارا قافلہ میوات فساد متاثرین کی راحت رسانی میں شروع دن سے لگا ہوا ہے ۔ یہ قافلہ میوات کے ایک کنارے سے دوسرے کنادے تک سفر کی صعوبتیں برداشت کر کے ضرورت مندوں تک پہنچ رہا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی سطح پر بھی ہماری جدوجہد جاری ہے ۔ 60 سے زائد افراد نے ہم سے قانونی امداد کی گزارش کی ہے ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔