نوٹوں کی منسوخی سے کسے فائدہ ہوا، اس کی جانچ ہو: کانگریس

   

نئی دہلی، 9اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہاکہ نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے ملک میں بڑا گھپلہ ہوا ہے اور اس کا کن لوگوں نے فائدہ اٹھایا، اس کی تفصیلی جانچ ہونی چاہئے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حال ہی میں نوٹوں کی منسوخی گھپلہ پر ایک اسٹنگ آپریشن سامنے آیا ہے ۔ اس اسٹنگ میں کہا گیا ہے کہ کیسے اعلی سیاسی عہدے پر بیٹھے لوگوں کے اشارے پر بینکوں نے پرانے نوٹ بدلے ہیں اور خزانے کو چونا لگایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس اسٹنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ پرانے نوٹوں کو بدلنے کے لئے ریزرو بینک کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے وزیراعظم دفتر میں ایک الگ محکمہ کھولا گیا جس میں مختلف محکموں سے لئے گئے 26لوگوں کو رکھا گیا تھا۔ ان لوگوں کو غیرممالک میں ریزرو بینک کے دفتر میں مقرر کیا گیا تھا جو نوٹوں کے ٹرانزیکشن کے کام پر کنٹرول رکھتے تھے اور اس کی اطلاع پی ایم او میں اپنے سربراہ کو دیتے تھے ۔کانگریس لیڈر نے یہ بھی الزام لگایا کہ اسٹنگ کے مطابق جیو کے ڈاٹا کا استعمال ریزرو بینک میں نوٹوں کے ٹرانزیکشن کے لئے بار بار کیا گیا۔ اسٹنگ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ نوٹوں پر اریجیٹ پٹیل کے دستخط نوٹوں پر نومبر سے چھ مہینے پہلے کرائے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹنگ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کس طرح سے نوٹوں کو بدلنے کیلئے کمیشن فیصد بڑھایا گیا۔