حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ مقدمہ ان دنوں سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے اور جسٹس ستیش چندر شرما نے مقدمہ سے خود کو علحدہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس مقدمہ کے ملزم جے متیا کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں انہوں نے راحت دی تھی لہذا وہ سپریم کورٹ میں اس مقدمہ کی سماعت سے خود کو علحدہ رکھنا چاہتے ہیں۔ مقدمہ میں متیا کے نام کو خارج کرنے کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ اس درخواست کی سماعت جسٹس بی ایم ترویدی اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل بنچ پر ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس ستیش چندر شرما نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے اس مقدمہ کی سماعت کی تھی لہذا وہ سپریم کورٹ میں سماعت سے خود کو علحدہ رکھنا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 12 نومبر کو یہ مقدمہ دوسری بنچ پر پیش ہوگا۔ متیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے اپنا علحدہ وکیل مقرر کیا ہے۔1