نیائے اسکیم متوسط طبقہ پر گراں نہ ہوگی : راہول

,

   

سمستی پور (بہار) /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج نیائے اسکیم کو غربت پر سرجیکل اسٹرائیک قرار دیا اور ادعا کیا کہ اقل ترین آمدنی کی ضمانت والا مجوزہ پروگرام محض تشہیر کیلئے نہیں بلکہ ٹھوس معاشیات پر مبنی ہے ۔ انہوں نے متوسط طبقہ کے اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش بھی کی اور کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ تنخواہ یاب لوگوں کو نیونتم آئے یوجنا (نیائے) اسکیم کیلئے فنڈس اکٹھا کرنے کیلئے ان کی جیبوں پر ایک پیسہ کا بار بھی نہیں ڈالا جائے گا ۔ وہ شمالی بہار کے اس ٹاؤن میں انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے عام انتخابات اعلان ہونے کے بعد پہلی مرتبہ آر جے ڈی کے ممکنہ وارث تیجسوی یادو کے ساتھ شہ نشین پر سنبھالا ۔ راہول گاندھی نے لالو پرساد کے ساتھ توہین آمیز رویہ کی مذمت بھی کی ۔ آر جے ڈی سربراہ جو کانگریس کے اتحادی ہیں وہ ان دنوں جیل میں ہیں ۔ راہول نے انتباہ دیا کہ ان انتخابات میں بی جے پی زیرقیادت مخلوط کو کافی زک اٹھانی پڑے گی ۔ سابق ریاستی وزیر کانگریس کے اشوک رام حلقہ سمستی پور (ایس سی ‘ محفوظ نشست ) میں مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے بھائی رام چندرن پاسوان کے خلاف چناؤ لڑرہے ہیں ۔ راہول نے اپنی تقریباً 25 منٹ طویل تقریر کی شروعات تاخیر سے پہونچنے پر معذرت خواہی کے ساتھ کی ۔ ان کے طیارے میں خرابی پیدا ہوجانے کی وجہ سے وہ بروقت سمستی پور نہیں پہونچ پائے ۔ راہول گاندھی پرہجوم حامیوں سے مقامی بولی مائی تھیلی میں اس طرح مخاطب ہوئے ’’کی حال چال چھے‘ ‘ (آپ کیسے ہیں) ۔ اس کے بعد انہوں نے شرکائے جلسہ سے سوال کیا کہ کیا مودی نے آپ کو نہیں لوٹا ہے ؟