نیا ریل سفر :کپڑوں کی فراہمی نہیں ، صرف تیار غذا ،مسافرین کی 90منٹ قبل آمد

,

   

تمام مسافرین کوسفر کے دوران ماسک لگانا لازمی ،لگیج کم سے کم ہونا چاہیئے ، وائرس کی علامتیں نہ ہونے پر ہی ٹرینوں میں سوار ہونے کی اجازت

نئی دہلی ۔11مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ریلوے نے منگل 12مئی سے خصوصی ٹرینوں کی 15 جوڑیوں سے متعلق سفر کیلئے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ ریلوے نے کہا ہے کہ مسافرین کو خود اپنی غذا اور کپڑے ساتھ لانا ہوگا اور وہ ہیلت اسکریننگ کیلئے روانگی کم از کم 90منٹ قبل اسٹیشنوں پر پہنچ جائیں ۔ ریلوے نے کہا کہ تمام مسافرین کو سفر کے دوران ماسک لگانا لازمی رہے گا اور ترجیحی طور پر وہ کم سے کم لگیج کے ساتھ سفر کریں ۔ جاریہ لاک ڈاؤن کے سبب تقریباً 50روزہ وقفہ کے بعد محدود تعداد میں پیاسنجر سروسیس کے احیاء کا ریلوے نے اعلان کیا اور کہا کہ منگل سے چلنے والی ٹرینیں ایرکنڈیشنڈ رہیں گی اور دہلی سے تمام بڑے شہروں کیلئے راجدھانی روٹس پر مکمل گنجائش کے ساتھ چلائی جائیں گی ۔ ریلوے نے کہا کہ وہ 8ٹرینیں 12مئی کو چلائے گا جن میں نئی دہلی سے 3 رہیں گی اور دبرو گڑھ ، بنگلورو اور بلاس پور پر سفر ختم کریں گی ۔ ہواڑہ ، راجندر نگر (پٹنہ) ، بنگلورو ، ممبئی سنٹرل اور احمدآباد سے ایک ایک ٹرین دہلی کو پہنچے گی ۔ اسپیشل ٹرینیوں میں صرف اے سی کلاسیس I ، II اور III ہوں گے، چونکہ یہ ٹرینیں لاک ڈاؤن کے درمیان چلیں گی ، اس لئے مصدقہ ای ٹکٹس والے مسافرین کو ہی اسٹیشنوں میں داخلے کی اجازت رہے گی ۔ ان ٹرینوں کے کرایہ راجدھانی ٹرینوں کے مساوی رہیں گے اور پیاسنجرس اپنے ٹکٹس 7روز قبل تک بک کراسکتے ہیں ۔ ریلوے نے کہا کہ کوئی آر اے سی ۔ ویٹنگ لسٹ ٹکٹ یا سفر کے دوران ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کے ذریعہ بکنگ کی اجازت نہیں رہے گی ۔ ٹکٹوں کی آن لائن منسوخی ٹرین کی مقررہ روانگی سے 24 گھنٹے قبل تک قابل قبول رہے گی لیکن منسوخی کا چارج کرایہ کا 50فیصد رہے گا ۔ مسافرین کے ساتھ ساتھ انہیں لے جانے والی ٹرین کے ڈرائیور کی ریلوے اسٹیشن تک نقل و حرکت کی اجازت مصدقہ ای ٹکٹ کے اساس پر رہے گی ۔ ریلوے نے کہا کہ اندرون کوچس ایر کنڈیشننگ کیلئے خصوصی قواعد ہوں گے اور درجہ حرارت معمول سے کسی قدر زیادہ رکھا جائے گا ۔ زیادہ سے زیادہ تازہ ہوا کو یقینی بنایا جائے گا ۔ آئی آر سی ٹی سی ویب سائیٹ نے آج طئے شدہ پروگرام سے دو گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ شام 6بجے اسپیشل ٹرینوں کے ذریعہ سفر کے سلسلہ میں ٹکٹس کی بکنگ شروع کی ۔ بتایا گیا کہ کچھ تکنیکی خامی کے سبب بکنگ کی شروعات میں تاخیر ہوئی لیکن ہواڑہ ۔ نئی دہلی ٹرین کیلئے تمام اے سی ۔1 اور اے سی ۔3ٹکٹس ابتدائی 10منٹ میں فروخت ہوگئے ۔ یہ ٹرین منگل کو ہواڑہ سے شام 5:05 بجے اپنا سفر شروع کرے گی ۔ ریلوے کے جاری کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق یہ ٹرینیں 12سے 20مئی تک فی الحال روزآنہ ،ہفتہ وار یا دو ہفتے میں ایک مرتبہ چلائی جائیں گی ۔16اور 19مئی کو ٹرینیں نہیں چلائی جائیں گی ۔