نیب کو 12 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم

   

لندن۔ لندن کی ایک ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور حکومت پاکستان کو اثاثہ برآمدگی فرم براڈ شیٹ ایل ایل سی کو آئندہ ہفتے تک 12لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے نیب اور پاکستانی حکومت کو 12 لاکھ 22 ہزار 37 ڈالر اور 110 پاؤنڈز کے ساتھ ساتھ نیب کے وکیل کو دعوے دار کی درخواست کی لاگت کے 26 ہزار 296 پاؤنڈ 10 اگست کی شام ساڑھے 4 بجے تک ادا کرنے کا حکم دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کی وکالت فرم ایلین اینڈ اووری حکومت پاکستان سے موصول ہونے والے فنڈز 13 اگست تک براڈ شیٹ کی وکیل ایل ایل سی سولیسٹرز کروویل اینڈ مورنگ کو ادا کرے گی۔فیصلے میں کہا گیا کہ اگر حکومت پاکستان اور نیب نے اپنے وکلا کو براڈشیٹ کو ادائیگی کے لیے رقم فراہم نہ کی تو براڈ شیٹ کے وکیل یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل یو کے ) کو نوٹیفائی کرے گی اور پھر بینک اس رقم کی ادائیگی کرے گا۔ ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں تھرڈ پارٹی ڈیٹ آرڈر لاگو ہوجائے گا جو کریڈیٹر کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جس کے پاس بھی رقم ہے اس سے وصول لے ۔