دی ہیگ :اسرائیل نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یواو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اپیل کی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب نیتن یاہو اور یوو گیلنٹ کے خلاف آئی سی سی کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کی قانونی حیثیت اور عدالت کے دائرہ اختیار کو مسترد کرتا ہے۔بیان کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز اس فیصلے کے خلاف آئی سی سی میں اپیل دائر کی تھی، ساتھ ہی وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر آئی سی سی اپیل مسترد کر دیتا ہے تو اس سے پتہ چلے گا کہ عدالت “اسرائیل کے خلاف متعصب” ہے۔21نومبر کو آئی سی سی نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔نیتن یاہو اور گیلنٹ کو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کے ساتھ ساتھ جاپان، کینیڈا، میکسیکو، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ، تقریبا تمام وسطی اور جنوبی امریکی ممالک اور افریقی ممالک کی اکثریت سمیت آئی سی سی کے 124 رکن ممالک کا سفر کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔