نیشنلزم کے نام پر سوشلزم کو ختم کرنے کی سازش : پیس پارٹی

   

مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، دواخانوں میں مناسب سہولیات کا فقدان

پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک میں اس وقت سے جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے مبینہ نیشنلزم کے نام پر سوشلزم کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔بی جے پی کے ذریعہ آر ایس ایس کے ایجنڈے کے بموجب جمہوریت و سیکولرزم کے خلاف روز بروز کام کیا جارہا ہے ۔ملک کے بنیادی مسائل خصوصی طور سے غریبی و بے روزگاری پر ترجیح دینے کے برعکس فرقہ وارانہ سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے مبینہ نیشنلزم پر اپنے رد عمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔دوائیں مہنگی ہونے و سرکاری اسپتالوں میں علاج کی مناسب سہولت نہ ہونے کے سبب غریب و بے سہارا علاج نہ ملنے سے موت کے ،اور روز کمانے کھانے والا مزدور آج مہنگائی سے پریشان بھوک کے دہلیز پر پہونچ گیا ہے ۔پکوان گیس مہنگی ہونے کے سبب خواتین چولہا پھونکنے کے لئے مجبور ہیں ۔بی جے پی حکومت عوامی مسائل کے تصفیہ کے برعکس فرقہ وارانہ کارڈ کھیل کر ووٹ کی سیاست کرنے میں مصروف ہے ،اور آواز اٹھانے والوں کو غدّار کے درجہ میں شمار کیا جا رہا ہے ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ مبینہ نیشنلزم کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر سوشلزم کے خلاف بھڑکانے کا کام کیا جارہا ہے ،جبکہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ ملک کا ہر شہری نیشنلسٹ ہے ،مگر بی جے پی آر ایس ایس کے نیشنلزم کو قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین ہند سب سے اعلی ہے ،جس کا موازنہ کسی اور آئین سے نہیں کیا جا سکتا ہے ۔پیس پارٹی ملک کی جمہوریت و آئین پر پوری طرح اعتماد کرتی ہے ، اور آئین و جمہوریت بچانے کے لئے پوری طرح ملک کے تئیں اپنے کو سپرد کر دیا ہے ۔پیس پارٹی ووٹ کی نہیں بلکہ انسانیت کی سیاست کرتی ہے ،اور کسی سے تفریق نہیں کرتی ،اور سبھی کو ساتھ لے کر چلتی ہے ۔